کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ میں آئندہ ہفتہ فیصلوں کے حوالے سے اہم قرار

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ میں پیر سے شروع ہونے والے ہفتہ میں اہم ترین فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے فیصلوں اور تجاویز کی منظوری دیں گے۔ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کا اعلان کیا جائے گا اور ریجنز کے ساتھ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو گی۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کا اعلان بھی کیے جانے کا امکان ہے، پی سی بی نے انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش کی ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی انضمام الحق کی جانب سے ذمے داریاں سنبھالنے کیلئے پر امید ہے، سلیکشن کمیٹی میں کوچز کی شمولیت پر فی الوقت اتفاق پایا گیا ، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کی کمیٹی میں شمولیت کا بھی امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کے قیام کے بعد سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان ہوگا جس میں وائٹ بال اور ریڈ بال کیٹیگریز ختم کر کے معاوضوں میں ایک سو فیصد سے زائد اضافے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافہ کیا جائیگا، ٹیسٹ میچ فیس میں پچاس فیصد اضافہ ہوگا، سلیکشن کمیٹی کے اعلان کے بعد افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کے لیے اسکواڈز بھی آئندہ ہفتے کے دوران فائنل کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں