اشرف بھٹی

مضبوط معیشت ہی پاکستان کی بقا ء کی ضمانت ہے ، میثاق معیشت کیا جائے ‘ اشرف بھٹی

لاہور(گلف آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت ہی پاکستان کی بقا ء کی ضمانت ہے اس لئے سب کو اپنی انا ء اور ضد چھوڑ کر میثاق معیشت کی دستاویز کی تیاری کیلئے ایک میز پر بیٹھنا چاہیے ،معیشت کی ترقی کیلئے تمام پالیسیوں کا از سرنو جائزہ لے کر ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا ،جشن آزادی منانے کا مقصد ملک سے عہد وفا کرنا ہے کہ اس کی ترقی اور حفاظت کیلئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اگرپاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانا ہے تو معیشت کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی اور اسی سے آگے بڑھنے کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ہمارے ہاں ایڈ ہاک ازم پر مبنی پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں جو نقصان کاباعث ہیں۔ معیشت کی ترقی کیلئے تمام پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لے کر ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا ، مشاورت اور اتفاق رائے سے میشاق معیشت کیا جائے جس میں حالات کے مطابق نکات تیار کئے گئے ہوں۔

انہوںنے کہا کہ پوری قوم یوم آزادی کے موقع پراکابرین تحریک پاکستان کے نقش قدم پر چلنے کا اعادہ کرتی ہے ۔اس دن ہمیں بطور قوم اپنا احتساب کرتے ہوئے مستقبل کیلئے اپنی سمت کاتعین کرنا ہوگا کہ پاکستان کی ترقی او رخوشحالی کے لئے ہر شخص اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرے گا اور ملک کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں