murtaza-songi

صدر کے ٹوئٹ پراپنی پوزیشن واضح کردی،مرتضی سولنگی

اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے صدر کے ٹوئٹ پراپنی پوزیشن واضح کردی، منصب پر ہوتے ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی، حکومت اللے تللے کرکے قوم کا پیسہ ضائع نہیں کرے گی، ہم کسی سیاسی جماعت کے حق یا مخالف نہیں،عداتوں نے کسی کے خلاف کوئی قدم اٹھایا تو روکیں گے نہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ صدر مملکت کے ٹوئٹ پر اپنی قانونی پوزیشن واضح کردی، وہ جب تک منصب پر ہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی، ہماری حکومت میں جو ہوتا ہے ہم اس کے ذمے دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں اور مقامی لوگوں نے پیشہ ورانہ انداز میں بہادری سے بچوں کو ریسکیو کیا، وزیراعظم کو مقامی نوجوانوں کی بہادری کا ادراک ہے،

وہ نوجوانوں کی خدمات کا اعتراف کریں گے۔انہوںنے کہا کہ جڑانوالہ والے واقعات اچانک رونما نہیں ہوتے، معاشرے میں عدم اعتماد کا کلچر ایک دن میں نہ پیدا ہوا ہے نہ ختم ہو گا،اس کی ایک تاریخ ہے، سانحے میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین کا حلف لیا ہے،اس کی پاسداری کریں گے، انتخابات کرانے کے لئے آئینی ادارہ الیکشن کمیشن موجود ہے، الیکشن کمیشن نے تمام شیڈول اپنی ویب سائٹ پر ڈال دیا ہے،

قانون میں لکھا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو مہم کے لئے 54دن دیئے جائیں گے، صاف شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اپنے خیالات پیش کرنے کی آزادی ہے، ہمارے کوئی سیاسی دشمن نہیں اورکوئی سیاسی دوست نہیں، ہم کسی سیاسی جماعت کے حق اور مخالفت میں نہیں ہیں،

اگرکسی کے خلاف قانون، ادارے اور عدالتیں کوئی قدم اٹھاتی ہیں تو روکیں گے نہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک حقیقت ہے،کوئی ملک مہنگا تیل خرید کر سستا نہیں بیچ سکتا، ہماری حکومت کوئی اللے تللے کرکے قوم کا پیسہ ضائع نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں