،فواد چوہدری

شریف اور زرداری حکومتیں بجلی مہنگی ہونے کی ذمہ دار ہیں،فواد چوہدری

اسلام آباد (گلف آن لائن) فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خوفناک معاشی بحران کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بجلی کے محکموں میں کام کرنے والے ملازمین پر تشدد کی حوصلہ افزائی انتہائی نامعقول اور احمقانہ حرکت ہے۔

بجلی مہنگی ہونے کی ذمہ دار شریف اور زرداری حکومتیں ہیں،جن کی وجہ سے آج پاکستان کو خوفناک معاشی بحران کا سامنا ہے۔انکا کہنا تھا کہ غریب ملازمین پر اس کی ذمہ داری نہیں ڈالی جا سکتی اور نہ ہی تشدد مسائل کا حل ہے۔واضح رہے کہ ملک مین بجلی کی قیمت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں،

بجلی کی فی یونٹ قیمت 65 روپے ہو گئی ہے،بجلی صارفین سے اضافی قیمت بقایا جات کی صورت میں وصول کرنا شروع کر دیا گیا۔ملک کی بڑی الیکٹرک کمپنی لیسکو نے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی نئی قیمتیں مقرر کر دی ہیں۔

لیسکو کے 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین سے 22 روپے فی یونٹ، 101 یونٹ سے 200 یونٹ تک استعمال پر تقریباً 32 روپے فی یونٹ، 201 سے 300 یونٹس تک استعمال پر قیمت تقریباً 37 روپے فی یونٹ، 301 سے 400 یونٹس تک تقریباً 43 روپے فی یونٹ، 401 سے 500 یونٹ تک تقریباً 47 روپے فی یونٹ،

501 یونٹ سے 600 یونٹ تک 49 روپے فی یونٹ، 601 سے 700 یونٹس تک تقریباً 52 روپے فی یونٹ اور 700 یونٹ سے زائد پر 65 روپے فی یونٹ کے حساب سے بل وصول کیے جائیں گے۔ جبکہ نیپرا کی جانب سے دو روز قبل ہی بجلی صارفین پر بجلی بم گرایا گیا تھا۔

بجلی کی قیمت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 5 روپے 40 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ نیپرا نے سہہ ماہی ایڈجسمنٹ کی مد میں ڈسکوز کی جانب سے بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں