اسلحہ لائسنس

وزراءکے لیٹر ہیڈز پر سفارشات سے اسلحہ لائسنس کے اجراءکا انکشاف

اسلام آباد (گلف آن لائن) اراکین قومی اسمبلی کے لیٹر ہیڈز پر سفارشات کے نتیجے میں اسلحہ لائسنس کے اجراءکا سکینڈل سامنے آگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت جانے سے ایک ماہ قبل وزراءاور اراکین اسمبلی کے 150 سے زائد لیٹر پیڈز پر ہزاروں اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے،

سب سے زیادہ 59 ممنوعہ اسلحہ لائسنس وفاقی وزیر ناصر اقبال باسول کے لیٹر پیڈ پر جاری ہوئے، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر کے لیٹر پیڈ پر 37 ممنوعہ اسلحہ لائسنز کا اجراءکروایا گیا جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کے لیٹر پیڈ پر 12 ممنوعہ اسلحہ لا?سنز جاری ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ سینیٹر روبینہ خالد کے لیٹر پیڈ پر 24 ممنوعہ اسلحہ لائسنس جاری ہوئے، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے لیٹر پیڈ پر 5، کرن ڈار کے نام پر 6، ایم این اے نور الحسن تنویر کے لیٹر پیڈ پر 18 لائسنس جاری کیے گئے، سینیٹر ہدایت اللہ کے لیٹر پیڈ پر 12 اور ایم این اے اظہر قیوم کے لیٹر پیڈ پر 47 ممنوعہ اسلحہ لائسنسز کا اجراءہوا۔

بتایا جاتا ہے کہ نگران وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے اسلحہ لائسنس کے اجراءپر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے،، کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریاست کی تعمیر وترقی اور امن وامان کیلئے سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کرنا ہوگی، کرپشن کو بھی کسی صورت میں برداشت نہیں کروں گا۔

دوسری طرف پنجاب کی نگران حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں اسلحہ لائسنس کے اجراءپر عائد پابندی ختم کر دی ہے جس کے بعد پنجاب کا کوئی بھی شہری گھر بیٹھے آن لائن پر اسلحہ لائسنس کی درخواست دائر کر سکے گا، اس سلسلے میں پتا چلا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت اسلحہ لائسنس پر عائد پابندی ختم کرنے کی سمری صوبائی نگران کابینہ کے سامنے رکھے گی جہاں سے منظوری کے بعد اسلحہ لائسنسن کے اجراءکا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں