ig-punjab

سانحہ جڑانوالہ کے تانے بانے دشمن انٹیلی جنس ایجنسی سے ملتے ہیں،آئی جی پنجاب

لاہور (گلف آن لائن) آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ کے تانے بانے دشمن انٹیلی جنس ایجنسی سے ملتے ہیں،شر پسندوں کا نیٹ ورک توڑ دیا،اب ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ کیخلاف قانون حرکت میں آیا،جڑانوالہ سرگودھا واقعات کے ذمہ داروں کو گرفتار کر لیا ہے۔سانحہ جڑانوالہ کے 3 مرکزی ملزمان سمیت بیشتر ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا،سرگودھا واقعہ میں 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

جو لوگ دشمن کا آلہ کار بنے ہیں انہیں کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ گرجا گھروں کی ازِ نو تعمیر جاری ہے،جبکہ مسیحی خاندانوں کی مدد بھی کی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں،ہم کہہ چکے ہیں کہ مسلمانوں اور مسیحیوں کو لڑانے کی کوشش کی جائے گی۔

یقین دلاتے ہیں کہ اب ایسے واقعات نہیں ہوں گے،جڑانوالہ واقعہ میں ذاتی رنجش کو بھی استعمال کیا گیا۔ علمائے کرام اور سول سوسائٹی نے بہترین انداز میں اپنا کردار ادا کیا۔ عثمان انور کا کہنا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ میں جے آئی ٹی بنائی گئی،300 لوگوں سے تفتیش اور 180 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امام اور مؤذن کا فرض ہے کہ لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال نہ ہونے دیں،ہم ایسے واقعات میں ملوث کسی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتیں گے۔قبل ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ میں ریاست شرپسندوں کے ساتھ نہیں،اقلیتوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ان کی حفاظت کریں گے۔ شر پسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا،شرپسندوں کے خلاف بغیر کسی رعایت کارروائی کی جائے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں