bilawal-bhutto

پاکستانی قوم اپنے وطن کا دفاع کرنے کے لیے متحد اور ہر وقت تیار ہے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (گلف آن لائن) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 6 ستمبر کے دن کو قومی جرات و بہادری کا استعارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے وطن کا دفاع کرنے کے لیے متحد اور ہر وقت تیار ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوًس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے یومِ دفاع کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں ملک کی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں پر انہیں سلام پیش کیا ہے۔

انہوں نے شہداءکے خاندانوں کو بھی ان کے حوصلے اور صبر و استقامت پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ ملک کے دفاع کے باب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور حکومتوں کی کارکردگی تاریخی و شاندار رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھنا قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قوم کے لیے ایک اسٹریٹجک تحفہ تھا۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے میزائیل ٹیکنالاجی کا تحفہ دے کر دفاعِ وطن کو مزید جدت اور تقویت دی۔

قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد صدر آصف علی زرداری ملک کے دوسرے سربراہ ہیں جنہوں نے مسلح افواج کے جوانوں کی تنخواہوں میں ایک سو فیصد سے زیادہ اضافہ کرکے، انہیں پوری قوم کی جانب سے ان کی عظیم خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ ان کی جماعت مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی جماعت پاکستان دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملانے اور ملک کی سلامتی اور سربلندی کے لیے اپنا بھرپور کردار نبھاتے رہنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالاجی کے ذریعے ملک کے دفاع کو ناتسخیر بنا دیا، اب مہنگائی و غربت کا خاتمہ کرکے دنیا میں ‘میڈ اِن پاکستان’ کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں