جنگ بندی

جنگ بندی کرانے کیلئے امریکا نے ترکیہ اور سعودی عرب سے مدد مانگ لی

واشنگٹن(گلف آن لائن)حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لئے امریکا نے ترکیہ اور سعودی عرب سے مدد مانگ لی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایکس پر امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے لکھا کہ میں نے ترک وزیر خارجہ سے حماس کے اسرائیل پر حملوں پر بات کی، اس دوران جنگ بندی اور حماس کے زیر حراست تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی کے لئے ترکیہ کی وکالت کی حوصلہ افزائی کی۔

اس کے علاوہ انٹونی بلنکن نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔انٹونی بلنکن کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکا کے اعلی سفارت کار نے اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کا اعادہ کیا جب کہ یو اے ای اور سعودی عرب کو رابطے جاری رکھنے کی ترغیب دی۔

دوسری جانب انٹونی بلنکن نے ایک بیان میں واضح کیا کہ اسرائیل پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے، البتہ حماس کا یہ حملہ اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے بڑھتے تعلقات میں خلل ڈالنے کی کوشش ہوسکتا ہے۔امریکی سیکرٹری خارجہ نے حماس کے اسرائیل پر حملوں کو روکنے اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے امریکا کی غیر متزلزل توجہ کو بھی اجاگر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں