مشعال ملک

اسرائیلی جارحیت کیخلاف دنیا سے کوئی توانا آواز نہیں آ رہی،مشعال ملک

راولپنڈی (نیوز ڈیسک)نگراں وزیرِ اعظم کی مشیر برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ دنیا سے کوئی مضبوط و توانا آواز نہیں آ رہی جو اسرائیل کو روک سکے۔مشعال ملک نے راولپنڈی چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 12 دن سے فلسطین پر قیامت ٹوٹی ہوئی ہے اور ہر کوئی خون کے آنسو رو رہا ہے۔

اْنہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج ہر 15 منٹ بعد 1 فلسطینی بچے کو شہید کر رہی ہے، وائٹ فاسفورس کا استعمال کر کے فلسطینی عوام کی پراپرٹی کو تباہ کیا جا رہا ہے۔مشیرِ انسانی حقوق نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت جو کرتے ہیں وہ دنیا میں کبھی نہیں دیکھا، فلسطین اور کشمیر کھلی جیلیں ہیں اور سب سے زیادہ نسل کشی فلسطین میں ہو رہی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ اسرائیل نے مثال قائم کی کہ وہ جومرضی کرے دنیا اسے کچھ نہیں کہہ سکتی۔مشعال ملک نے کہا کہ غزہ کے اطراف کی سرحدیں کھول کر عالمی مبصرین کو جانے کی اجازت دی جائے، نیتن یاہو اور مودی کا گٹھ جوڑ ایکسپوز ہو رہا ہے۔ اْنہوں نے سوال کیا کہ ان واقعات کی مذمت کافی نہیں، امن افواج کہاں ہیں؟ فلسطین جنگ کو روکنے کے لیے دنیا بھر سے آواز آنی چاہیے۔مشیرِ انسانی حقوق نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، یہ معاملہ رکنے والا نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں