اداکارہ ریما

سولہ سال میں ہی سٹار بن گئی تھی، ریما خان

کراچی (گلف آن لائن) اداکارہ ریما خان نے کہا ہے کہ میں نے انتہائی کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا، 16سال میں ہی سٹار بن گئی تھی، سپر سٹار بننے کیلئے دن رات محنت کی، کامیابی کا بھوت دماغ پر سوار کیا نہ ناکامی کے غم کو دل میں رکھا۔ نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے ریما خان نے بتایا کہ میں خود سے پیار کرتی ہوں اور یہی میری خوبصورتی اور فٹنس کا راز ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود سے پیار کا مطلب جسامت سمیت مکمل صحت کا خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے میں نے فلموں میں ہیروئن کے کردار ادا کئے، اسی طرح اب حقیقی زندگی کے کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ حقیقی زندگی میں پہلے میں اداکارہ تھی، پھر بیوی بنی، پھر ماں بنی ،اب میرا دوسرا کردار چل رہا ،حقیقی زندگی کی فلم جاری رہے گی، کردار تبدیل ہوتے رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں میرے اس لئے کوئی تنازعات سکینڈلز نہیں ہیں کیونکہ شروع دن سے ہی میں نے کام پر توجہ دی، کسی سے کوئی لڑائی کی نہ حسد رکھا۔

انہوں نے کہا کہ خود سے اچھے اداکار کی تعریفیں کیں اور ان سے سیکھنے کی کوشش کی جبکہ خود سے کم صلاحیتوں والے اداکاروں کو دیکھ کر کبھی غرور نہیں کیا۔انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے پہلی فلم ہی کامیاب ہوگئی تھی اور میں راتوں رات سٹار بن گئیں ، اس وقت میری عمر 15 یا 16سال تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سپر سٹار بننے کیلئے میں نے دن رات محنت کی، کبھی کامیابی کا بھوت دماغ پر سوار کیا نہ ناکامی کے غم کو دل میں رکھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں