انجمن تاجران

سیاسی جماعتیں میثاق معیشت کی دستاویز کی تیاری کو منشور کا لازمی حصہ بنائیں ‘ اشرف بھٹی

لاہور(کامرس ڈیسک) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں میثاق معیشت کی دستاویز کی تیاری کو اپنے منشور کا لازمی حصہ بنائیں اور عوام کو یقین دہانی کرائی جائے کہ جو بھی جماعت اقتدار میں آئے گی وہ بلا تاخیر اس پر پیشرفت کرے گی ، اگر پاکستان کو معاشی طو رپر مضبوط بنانا ہے تو بلا جواز احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے ایسے حالات میں ابھی نہیں تو کبھی نہیں کے عزم کے ساتھ فیصلے کرنا ہوں گے ، انتخابات کے بعد جو بھی جماعت اقتدار میں آئے وہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی بنائے ، میثاق معیشت کی دستاویز کی تیاری کے لئے اتفاق رائے کیا جانا چاہیے کیونکہ اس کے بغیر اب معیشت کا پہیہ نہیں چل سکے گا۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ یہ تاثر زائل ہونا چاہیے کہ پاکستان کبھی ترقی نہیں کر سکتا ، قومی ادارے بھی اپنا مثبت کردار ادا کرےں تاکہ ملک کی ہچکولے کھاتی کشتی کو کنارے لگایا جا سکے ۔ انہوںنے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں اپوزیشن شیڈو کابینہ بنا کر اپنی تجاویز پیش کرتی ہے ، یہاں بھی اس کی روایت ڈالی جائے ، پاکستان ہرگز سیاسی افرا تفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں