نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس اور دیگر متعلقہ معاملات پر پاکستان کا موقف اچھے سے پیش کرنے کے لئے ادارے بھر پور تیاری کریں، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس اور دیگر متعلقہ معاملات پر پاکستان کا موقف اچھے سے پیش کرنے کے لئے ادارے بھر پور تیاری کریں، موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے،پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اٹھائیسویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز COP28 کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس بدھ کو یہاں میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی.

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس اور دیگر متعلقہ معاملات پر پاکستان کا موقف اچھے سے پیش کرنے کے لئے ادارے بھر پور تیاری کریں۔وزیراعظم دوبئی, متحدہ عرب امارات میں ہونے والی اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز کے یکم اور دو دسمبر کو ہائے لیول سیگمینٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔اجلاس میں نگران وفاقی وزراء برائے خزانہ، خارجہ، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، منصوبہ بندی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں