احسن اقبال

پی ٹی آئی انتخابات میں شکست دیکھ کر حیلے بہانوں سے فرار چاہتی ہے مگر انہیں بھاگنے نہیں دیں گے’احسن اقبال

لاہور ( نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے وہ حیلے بہانوں سے فرار چاہتے ہیں مگر انہیں بھاگنے نہیں دیں گے ،

انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں کیونکہ عوام چاہتے ہیں کہ منتخب حکومت ان کے مسائل حل کرے،بے روزگاری ،دہشت گردی کو ختم کرے، الیکشن کمشنر انتخابات کے لئے ضروری اقدامات کریں ،بانی پی ٹی آئی کے دور میں ہم پر بھی سورج سوا نیزے پر تھا مگر ہماری پارٹی کے لوگوں نے ہمت اور بہادری کا ثبوت دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں 8فروری کو عام انتخابات کااعلان ہوگیاہے تو ہم تیاری کررہے ہیں، منشور کمیٹی اپنا کام کررہی ہے ،بارہ روز سے (ن) لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس بھی قائد نوازشریف کی صدارت میں منعقد ہو رہے ہیں۔تمام امیدواروں کے انٹرویو مکمل کیے ،ہر صوبے سے امیدواروں کو خود سن رہے ہیں جب عمل مکمل ہوگا تب فیصلہ کریںگے کون سا امیدوار مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں انتخابات پر لگی ہوئی ہیں تو پی ٹی آئی کی جانب سے آر اوز کی تقرری کو معطل کروانا جمہوریت کے خلاف گھنائونی سازش ہے ۔تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں نیازی حکومت ختم ہوئی تو پی ٹی آئی نے مسلسل انتشار و انارکی پھیلانے کی کوشش کی،پنجاب و کے پی دونوں حکومتوں کو برطرف کرکے جمہوریت پر خود کش حملہ کیا گیا لیکن وہ جمہوری ڈھانچہ زمین بوس اور اپنا کھیل کھیلنے کی سازش میں ناکام ہوئے،

نو مئی کی گھنائونی سازش ،ملک میں انتشار پیدا کرنا بلکہ مسلح افواج کے خلاف بھی سازش کی گئی ، مقصد عوام اور افواج کو آمنے سامنے کرنا تھا، بانی پی ٹی آئی ایسے بیانات دیتے رہے تاکہ انتشار پھیل جائے، بین الاقوامی سطح پر قومی سلامتی اداروں کو بدنام کرنے کے لئے بھرپور سازش کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے اعلان پر الیکشن کمیشن تیاریاں کررہا ہے ، بانی تحریک انصاف جیل میں ہے تو انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لئے خود کش حملہ کیا گیا ، ہائی کورٹ میں آر اوز کی تقرری کو معطل کروا دیا گیا تاکہ الیکشن سے فرار ہوسکے،پی ٹی آئی کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے ، الیکشن کمشنر انتخابات کے لئے ضروری اقدامات کریں ،عوام چاہتے ہیں کہ منتخب حکومت ان کے مسائل حل کرے،منتخب حکومت بے روزگاری دہشت گردی کو ختم کرے ۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے وہ حیلے بہانوں سے فرار چاہتی ہے ، مطالبہ ہے کہ الیکشن کا مقررہ وقت پر ہوں تاکہ جمہوری حکومت عوامی مسائل کو حل کر سکے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم پارٹی کے اندرونی معاملات پارٹی کے اندر حل کرتے ہیں ،نوازشریف نے بھی گریز کرنے کا ہے ،اگر ساتھی نے غلطی کی وہ میں غلطی نہ کروں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن شیڈول پر عملدرآمد روکنے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،

پی ٹی آئی نے اس بار پھر سیاسی ایجنڈہ کو پورا کرنے کے لئے عدلیہ کا کندھا استعمال کیا، پی ٹی آئی ریٹرننگ آفیسر کو نشانہ اس لئے بنایا تاکہ الیکشن ملتوی ہو سکیں، سب جماعتیں اتفاق رائے سے کہہ رہی ہیں کہ آٹھ فروری کو الیکشن ہوں ، پی ٹی آئی نے انتخابی شیڈول و الیکشن عمل پر خود کش حملہ کیا ،چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس اس کا نوٹس لیں گے،امید کرتا ہوں جلد حل نکلے گا اور آٹھ فروری کو الیکشن ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نوے فیصد ایم این اے اور ایم پی ایز کو چھوڑ چکے ہیں ،جن لوگوں کا نام کسی ایف آئی آر میں نہیں تھا وہ بھی توبہ تائب کرگئے۔بانی پی ٹی آئی کے دور میں ہم پر بھی سورج سوا نیزے پر تھا، ہم نے بھی بدترین حالات کا سامنا کیا لیکن (ن) لیگ کے لوگ چھوڑ کر نہیں گئے، ہماری پارٹی کے لوگوں نے ہمت اور بہادری کا ثبوت دیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام آج بدحال مہنگائی اور معاشی طورپر مسائل کا شکار ہیں لیکن نیازی کے چار سالوں نے معیشت کو کریش کر دیا ،سی پیک کو رول بیک کیا۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ میرے علم کے مطابق جاوید ہاشمی کی درخواست نہیں آئی اگر اپلائی نہیں کیا تو وہ آزاد حیثیت میں ہی لڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں