مرتضیٰ سولنگی

بابائے قوم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیر معمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (گلف آن لائن)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحکو ان کے 147 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی اور علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کے لئے انتھک جدوجہد کی۔

پیر کو اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پوری قوم محسن پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی صورت میں ایسی ریاست کی تشکیل ممکن بنائی جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی اور کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بابائے قوم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیر معمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمیں بابائے قوم کے اصولوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا، درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اور مضبوط تر ملک بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں