خورشید شاہ

عام انتخابات میں جو بھی فیلڈ ملی اسی پر کھیلیں گے، خورشید شاہ

سکھر(نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم انتخابات میں عوام کو سرپرائز دیں گے ، لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے جو فیلڈ ملی ہے اسی پر کھیلیں گے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم صرف وقت پر انتخابات چاہتے ہیں ، ہمیں امید ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پرہوں گے، ملک میں عدلیہ اور دیگر ادارے موجود ہیں اور 8 فروری کی تاریخ توخود عدلیہ نے دی ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن ہوں گے تو سیکیورٹی کا مسئلہ خود بخود حل ہوجائے گا ، پاک فوج ہوگی تو الیکشن امن و امان ہوگا اور دھاندلی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ماحول کسی ایک پارٹی کے حق میں نہیں ہے ، کسی جماعت کو سادہ اکثریت حاصل نہیں ہوگی، ملک میں اب اتحادوں سے ہی حکومت بنے گی اور پیپلزپارٹی تو پہلے سے کہتی آرہی ہے کہ ہمیں مل کر پاکستان کو بچانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پرامید ہونا چاہیئے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے ، پنجاب میں قمر زمان کائرہ، ندیم چن اور راجہ پرویزاشرف کے جلسے دیکھ رہا ہوں ، پیپلزپارٹی کے علاوہ دیگر جماعتوں کی تو صرف ڈرائنگ روم سٹنگ چل رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی جماعت سے پیپلزپارٹی کا اتحاد وقت اور حالات پر منحصر کرے گا ، پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ پاکستان اور سسٹم کو بچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں