وزیراعلیٰ سندھ

ایف بی آرسندھ کے صنعتی اداروں سے 22ارب روپے وصول کرچکی ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(نمائندہ خصوصی)نگراں وزیراعلیٰ سند ھ جسٹس(ر)مقبول باقر نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)سندھ کے صنعتی اداروں سے 22 ارب روپے وصول کرچکی ہے،

ہم نے رقم کی وصولی کا معاملہ وزیراعظم پاکستان کے سامنے رکھا کہ سندھ کی یہ رقم صوبائی حکومت کو جلد فراہم کی جائے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں سندھ ریونیو بورڈ(ایس بی آر)کے اجلاس میں کہی۔ نگراں وزیراعلی سندھ کو چیئرمین ایس آر بی واصف میمن نے ورکرز ویلفیئر فنڈ اور ورکرز پارٹیسپیشن فنڈ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آر بی نے وکرز ویلفیئر اور پارٹیسیپیشن فنڈز 5200 صنعت کاروں کو جاری کیے۔

ویلفیئر فنڈز کی مد میں سندھ ریونیو بورڈ نے 7.562 ارب روپے کی ریکوری کی اور اس سال ریونیو بورڈ کی ورکرز ویلفیئر فنڈز کی مد میں وصولیاں گذشتہ سال سے 35 فیصد زیادہ ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال ایس آر بی نے 5.4 ارب روپے کی وصولی کی تھی۔ گذشتہ سال سندھ ریونیو بورڈ نے 296 صنعتی اداروں سے وصولیاں کیں، جبکہ اس سال 527 صنعتی اداروں سے وصولیاں کی ہیں جو 58 فیصد کی اضافی شرح کو ظاہر کرتی ہے۔

ورکرز ویلفیئر فنڈز کی مد میں ایس آر بی نے 40 ارب روپے کی وصولی کے لیے 267 شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔ 40 ارب روپے کی وصولی کے خلاف صنعتی اداروں نے سندھ ہائی کورٹ کے ناظر کے پاس 6.1 ارب روپے جمع کرائے ہیں۔ نگراں وزیراعلی سندھ نے ایڈووکیٹ جنرل کو مختلف مد میں جمع کیے گئے 31 ارب روپے کی وصولی کے لیے ہدایت جاری کردی۔

نگراں وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر مختلف اداروں کو27 ارب روپے کی وصولی کے لیے 303 شارٹ پے منٹ نوٹس بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ 80 اداروں سے بینک کے ذریعے وصولی کے اسسمنٹ آرڈر پاس کیے گئے ہیں۔ ورکرز ویلفیئر اور ورکرز پارٹیسیپیشن کی وصولی کے لیے ایس آر بی بھرپور کوشش کررہی ہے۔

رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں 6.3 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جبکہ چھ ماہ کے دوران ایس آر بی نے 6.3 ارب روپے کے مقابلے 7.562 ارب روپے وصول کئے، یعنی مقررہ ہدف سے 1.262 ارب روپے اضافے وصول کیے گئے جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ نگراں وزیراعلی سندھ کی ذاتی دلچسپی کے بغیر اتنی بڑی کامیابی ممکن نہ تھی۔

نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا کہ ایف بی آر سندھ کے صنعتی اداروں سے 22 ارب روپے وصول کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے رقم کی وصولی کا معاملہ وزیراعظم پاکستان کے سامنے رکھا کہ ہمیں یہ رقم جلد ریلیز کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس رقم کو مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں