ایس ایم تنویر

یونائیٹڈ بزنس گروپ کی کامیابی در حقیقت ساری بزنس کمیونٹی کی فتح ہے ‘ ایس ایم تنویر

لاہور(گلف آن لائن)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ممبران اور نو منتخب عہدیداران نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی کامیابی پر بانی ایس ایم منیر مرحوم کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم تنویر نے اپنے مرحوم والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک بھر میں بزنس کمیونٹی کو متحد کیا جس کے نتیجے میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کو انتخابات میں واضح مارجن سے کامیابی حاصل ہوئی ۔

گروپ کے تمام ممبران نے ایس ایم تنویر کی قیادت میں مستقبل میں بھی مضبوط اتحاد قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ کامیابی کے اعلان کے بعد تمام ممبران نے گروپ کے بانی ایس ایم منیر کی یادیں تازہ کیں اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کوکامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کسی گروپ کی نہیں بلکہ در حقیقت ساری بزنس کمیونٹی کی فتح ہے ۔

الیکشن کا دور گزر چکا ہے اب کسی تفریق کا شکار ہوئے بغیر مضبوط اتحاد کے ساتھ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کمر بستہ ہوجانا چاہیے تاکہ ہماری معیشت ترقی کر سکے۔انہوں نے گروپ کے بانی ایس ایم منیر مرحوم کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کی قیادت نے ہمیشہ پاکستان اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی ہے ۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کی قیادت اور ایف پی سی سی آئی کے نو منتخب عہدیداران بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کسی گروپ کی تفریق کے بغیر سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں