محسن نقوی کی بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے 31 جنوری کی ڈیڈلائن

لاہور (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن دے دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے رات گئے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور 2گھنٹے تک 3اعشاریہ 7 کلومیٹر طویل پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کے پیکیج ون کا 50 فیصد اور پیکیج 2 کا 38 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے 31 جنوری تک پراجیکٹ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔محسن نقوی نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، منصوبے کو وقت سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے دن رات کام کیا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے پراجیکٹ کیلئے مٹی سپلائی کرنے والے کنٹریکٹر سے بھتے لینے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بھتہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا حکم دیا اور موقع پر ہی پولیس کو احکامات جاری کئے۔

محسن نقوی نے بابو صابو سے سگیاں تک پیکیج 2 اور سگیاں سے نیازی چوک تک پیکیج ون کا معائنہ کیا، وزیراعلی نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور منصوبے کے اطراف والی دیواروں کی تعمیر کے کام کا مشاہدہ کیا، انہوں نے سائیڈ والز پر پتھر کے بلاکس رکھنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں کنٹریکٹرز کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور منصوبے کی اطراف کی سٹرکوں پر تجاوزات مسمار کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ٹاسک دے دیا۔صوبائی وزرا منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر،سی سی پی او،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں