چوہدری شجاعت حسین

مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے’چوہدری شجاعت حسین کا اعلان

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق) نے عام انتخابات کے لئے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ (ق) لیگ نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، صرف اپنی ذات کی حد تک سیٹ ایڈجسٹمنٹ قبول نہیں کریں گے۔

چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ق) کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے بعد پارٹی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے، صرف اپنی ذات کی حد تک مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ قبول نہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہمارے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں (ن) لیگ نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں، ہم اپنے امیدواروں کو دوہرے معیار کی نذر نہیں ہونے دیں گے اور (ن) لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے۔

اس حوالے سے چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے گجرات سے بھی میرے اور میرے بھائی چودھری شافع حسین کے خلاف اپنے نامزد کردہ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیں، ہم نے جن امیدواروں سے عہد کیا وہ ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر (ن) لیگ ان کا مقابلہ کرے گی تو ہم بھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ اسی صف میں کھڑے ہونے کو ترجیح دیں گے، ہم بنا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مقابلے کیلئے تیار ہیں۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ (ق) پنجاب کے سیکریٹری جنرل چوہدری شافع حسین نے بھی اس فیصلے سے اتفاق کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی زیر قیادت مسلم لیگ (ق) نے مسلم لیگ (ن) سے 14 نشستیں مانگی تھی تاہم مسلم لیگ (ن) نے مسلم لیگ (ق) کی قیادت کو آگاہ کیا تھا کہ وہ انہیں زیادہ سے زیادہ 3 سیٹیں دینے کے لیے تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں