سپریم کورٹ

میاں بیوی میں ہم آہنگی اورخوشی نہ ہو تو اسلام علیحدگی کی اجازت دیتا ہے،سپریم کورٹ

اسلا م آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ نے امریکا میں شادی اور پھر خلع لینے کے کیس کے خلاف پاکستانی شہری کی اپیل خارج کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں بیوی میں ہم آہنگی اورخوشی نہ ہو تو اسلام علیحدگی کی اجازت دیتا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس حسن اظہر رضوی نے 7 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جس کے مطابق درخواست گزار نے سابق اہلیہ کے امریکا میں ہوئے نکاح کی پاکستان میں منسوخی چیلنج کی تھی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خاتون امریکا کے ساتھ پاکستانی شہریت بھی رکھتی ہیں، ریکارڈ کے مطابق خلع لینے کے بعد خاتون نے امریکا میں دوسری شادی کرلی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ کا خلع لینے کے حق میں فیصلہ قانون کے مطابق درست ہے، خلع کے باوجود غیرضروری طورپرسابق اہلیہ کو قانونی چارہ جوئی میں گھسیٹا گیا جب کہ درخواست گزارنے بھی پاکستان میں دوسری شادی کرنے کی کوشش کی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق اسلام عورت کو خلع کا حق دیتا ہے اور میاں بیوی میں ہم آہنگی اورخوشی نہ ہو تو اسلام انہیں علیحدگی کی اجازت دیتا ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد خلع کیخلاف پاکستانی شہری کی اپیل خارج کردی۔واضح رہے کہ درخواست گزارسہیل احمد نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں