صدر مملکت

صدر مملکت عارف علوی کی بینک فراڈ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے اور فراڈ کے متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے بینک فراڈ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے اور بینکوں کو فراڈ کے متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

اتوار کو ایوانِ صدرپریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بینکنگ فراڈ میں ملوث افراد کی بلیک لسٹگ کیلئے بینکنگ محتسب معاملہ اسٹیٹ بینک کے سامنے اٹھائے،بینکنگ فراڈ پر ضروری ایس او پیز جاری کیے جائیں،فراڈ کرنے والے افراد کو بینکنگ/مالی سہولیات نہ دی جائیں۔ صدر مملکت نے یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کردی ہے، بینک فراڈ سے متاثرہ 2 صارفین کو 19 لاکھ اور 7 لاکھ 44 ہزار روپے ادا کیے جائیں۔

یونائیٹڈ بینک کے صارف قیصر محمود کو بینک کی ہیلپ لائن سے مشابہہ نمبر سے کال موصول ہوئی،کالر نے قیصر محمود کو اپنی معطل شدہ ڈیجیٹل بینکنگ ایپ فعال کرنے کا کہا ،شہری کے ایپ فعال کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے منتقل کر دیے گئے، بریگیڈیئر (ر) محمد عارف شیخ سے جعلسازوں نے کال کر کے اکاؤنٹ کی تکنیکی خامیاں دور کرنے کے بہانے بینکنگ تفصیلات مانگی ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ عارف ش?خ کے اکاؤنٹ سے 19 ٹرانزیکشنز کے ذریعے 994,000 روپے کی رقم نکالی گئی،

شہریوں نے اپنے متعلقہ بینکوں سے رقم واپس کرنے کو کہا، لیکن ریلیف نہ مل سکا،شہریوں نے ریلیف حاصل کرنے کے لیے بینکنگ محتسب سے رابطہ کیا، محتسب نے بینکوں کو ہدایت کی کہ صارفین کو کھوئی ہوئی رقوم واپس کریں۔بعد ازاں ، بینکوں نے صدر مملکت کے سامنے محتسب کے فیصلوں کے خلاف علیحدہ علیحدہ اپیلیں دائر کیں۔ صدر مملکت نے مقدمات کی ذاتی سماعت کی اور فریقین کو سننے اور دستیاب ریکارڈ دیکھنے کے بعد فیصلہ شکایت کنندگان کے حق میں کردیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بینکوں نے جعلی ٹرانزیکشنز کا پتہ لگانے کے لیے نگرانی کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل نہیں کی، لگاتار اور متعدد لین دین کیے گئے لیکن سسٹم الرٹ نہیں ہوا اور رقم کو سسٹم سے گزرنے دیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بینک ادائیگی کے نظام اور الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفرز ایکٹ 2007 کے سیکشن 41 کے مطابق لین دین کی قانونی حیثیت قائم کرنے میں بھی ناکام رہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بینک اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل کا کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے، بینکوں کی بدانتظامی ثابت ہوئی، بینک شکایت کنندگان کا مالی نقصان پورا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح قیصر محمود اور بریگیڈیئر (ر) عارف شیخ کو بالترتیب 1998500 اور 744000 روپے ادا کریں،

اپنا تبصرہ بھیجیں