شہزادہ فیصل بن فرحان

ہنگاموں کا شکار خطہ ٹھوس امن مساعی کا متقاضی ہے،سعودی وزیر خارجہ

ریاض(گلف آن لائن)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے زور دے کر کہا ہے کہ مشرق وسطی کا خطہ بدامنی کا شکار ہے اور ہمیں کشیدگی کو بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے بحیرہ احمر میں کشیدگی اور خطے میں عمومی طور پر سلامتی کے بارے میں مملکت کی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحیرہ احمر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا اولین ترجیح ہے۔ایک ڈائیلاگ سیشن کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ کی جنگ پورے خطے کو بڑے خطرات میں گھسیٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ بحیرہ احمر میں ہونے والے حملوں کا تعلق غزہ کی جنگ سے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اسرائیل کی طرف سے جنگ اور کشیدگی کو روکنے کے لیے کوئی نشان نظر نہیں آتے۔ ہماری ترجیح کشیدگی کو کم کرنے کے لیے راستہ تلاش کرنا ہے اور اس کا انحصار غزہ میں جنگ کو روکنے پر ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں جنگ کو روکنے کے لیے بین الاقوامی برادری کو مزید کچھ کرنا چاہیے۔ غزہ میں جنگ مسلسل مصائب بڑھنے کے واقعات کا باعث بنیں گی۔جب کہ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی سلامتی فلسطینیوں کی سلامتی کو ان کی ریاست کے قیام سے منسلک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں