راناثنااللہ

مسلم لیگ(ن)8فروی کو شاندار کامیابی حاصل کرکے نوازشریف کو وزیراعظم بنانے کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرے گی،رانا ثنااللہ

مکوآنہ (نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر،سابق وفاقی وزیرداخلہ اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 100فیصل آباد سے (ن) لیگ کے امیدوار راناثنااللہ خاں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)8فروی کو اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوامی مینڈیٹ سے شاندار کامیابی حاصل کرکے نوازشریف کوچوتھی بار وزیراعظم بنانے کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرے گی جس کے بعد ملک کو ایک بار پھر برق رفتار تعمیر وترقی کی شاہراہوں پر گامزن کرتے ہوئے عوام کو بھرپور ریلیف دے کر ان کی مشکلات کا تدارک اور ان کے مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جا ئے گا ۔

کینال روڈ فیصل آباد پر مقامی مارکی میں تاجروں کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ووٹرز 8 فروری کے روز جوق در جوق گھروں سے نکلیں اور پولنگ سٹیشنوں پر پہنچ کر ووٹ کا حق استعمال کریں تاکہ سابقہ فتنہ حکومت نے ملک کو جن مسائل کے گرداب میں پھنسایا ملک و قوم کو اس سے نکالا جاسکے۔تقریب میں انجمن تاجران سٹی فیصل آباد کے صدر خواجہ شاہد رزاق سکا اور دیگر تاجروں سمیت لیگی قائدین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ قوم سانحہ9مئی کے کرداروں کوکبھی معاف نہیں کرے گی اور ووٹ کی پرچی سے اس کا بدلہ لیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ فتنے کی سیاست نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا اور اس دور کی کرپشن کی شرمادینے والی داستانیں زبان زد عام ہیں لہٰذا ہم نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کرملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلیٰ و صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکاکی ن لیگ میں واپسی کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) اقتدار میں آکر شہر کی ترقی و تاجروں کے مسائل کے حل میں انہیں مایوس نہیں کرے گی۔اس موقع پر تاجر رہنماخواجہ شاہد رزاق سکا اوربزنس کمیونٹی کی دیگر سرکردہ شخصیات نے ان کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں