شاہین آفریدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کی نشاندہی کرلی، شاہین آفریدی

لاہور (گلف آن لائن)پاکستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ اس سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے 16 سے 20 کھلاڑیوں کی نشاندہی کرلی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہین آفریدی نے افتخار احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افتخار احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی20 میں عمدہ بولنگ کی۔انہوںنے کہاکہ افتخار احمد تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ہم ہر کھلاڑی کو پورا موقع دینا چاہتے ہیں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ حسیب اللہ، عباس آفریدی اور صائم ایوب کرکٹ میں پاکستان کا مستقبل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی 4 میچوں میں پاکستان کی بیٹنگ نہیں چل سکی اور فیلڈنگ بھی اچھی نہیں ہوئی لیکن پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم متحد ہو کر کھیلی اور کامیابی حاصل کی جو ضروری تھا۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ عباس آفریدی ایک اچھا بولر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھا فیلڈر اور بیٹر بھی ہے، اس کے آنے سے بولنگ لائن مضبوط ہوئی ہے، موقع ملنے پر وہ پرفارم کرنے کیلئے تیار رہتا ہے۔قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف صائم ایوب توقع کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کرسکا لیکن اس میں پاکستان کیلئے شاندار کارکردگی دکھانے کی صلاحیت موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں