صنم جاوید

لاہور: ضمانت ملتے ہی صنم جاوید ایک اور مقدمے میں گرفتار

لاہور(نمائندہ خصوصی)ضمانت ملنے کے فوری بعد صنم جاوید کو تھانہ شادمان میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔

پنجاب پولیس نے کہا کہ صنم جاوید کو تھانہ شادمان منتقل کیا جائے گا، انہیں تھانہ شادمان میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔انویسٹی گیشن پولیس نے صنم جاوید کودہشت گردی کے مقدمہ نمبر 768 میں گرفتار کیا ہے۔

واضح رہے کہ آج ہی لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے کیس میں صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

اس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں