مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس،سٹیفانوس نے تیسری مرتبہ ٹورنامنٹ جیت لیا

مونٹی کارلو (گلف آن لائن)یونان کے نامور ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس نے چارسالوں میں تیسری مرتبہ اے ٹی پی مونٹی کارلو ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔مونٹی کارلو کنٹری کلب کے کلے کورٹ پر کھیلے گئے اے ٹی پی مونٹی کارلو مارسٹرز اوپن ٹینس ایونٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں یونان کے ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس اور ناروے کے کیسپر رڈ نبرد آزما تھے۔

25سالہ یونان کے سٹیفانوس نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناروے کے حریف کھلاڑی کیسپر رڈ کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6اور 4-6سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔اس فتح کے بعد سیٹسیپاس سٹیفانوس مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں پانچ درجے ترقی پاکر 12ویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

سٹیفانوس اس فتح کے بعد مونٹی کارلو ماسٹرز اوپن کا ٹائٹل تین یا اس سے زیادہ مرتبہ جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جن میں سپین کے رافیل نڈال، سویڈن کے بورن بورگ، آسٹریا کے تھامس مسٹر اور رومانیہ کے ایلی نستاشامل ہیں۔سٹیفانوس کے اس کامیابی کے بعد اے ٹی پی ٹائٹلز کی تعداد 11ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں