بانی پی ٹی آئی

9 مئی جلا ﺅگھیراﺅکیس،عمران خان، علی نواز اعوان و دیگر کے خلاف مقدمے کی سماعت17 مئی تک ملتوی

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی)اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی جلا وگھیرا وکیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سابق رہنما پی ٹی آئی علی نواز اعوان و دیگر کے خلاف مقدمے کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔ پیر کو کیس کی سماعت انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، علی نواز اعوان ، عامر مغل و دیگر اپنے وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سردار مصروف ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ اسد عمر تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ سے ڈسچارج ہوچکے ہیں، ہم دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست دائر کردیتے ہیں۔ اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ یہ میری عدالت کا کیس نہیں ہے، فیصلہ نہیں کرسکتا، قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بریت کی درخواست دائر کریں، ملزمان میں جب تک نقول تقسیم نہیں ہوتیں اور اس کے بعد چارج فریم نہیں ہوتا تب تک 265 ڈی کی درخواست دائر نہیں کی جاسکتی، ایک بار بریت کی درخواست پر فائنڈنگز آگئیں تو دوسری بار بریت کی درخواست دائر نہیں کی جاسکے گی۔ سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ تھانہ رمنا میں درج مقدمات میں 40 کے قریب ملزمان ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیسز کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں