لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہو گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام پیش کرتے ہوئے پوری امتِ مسلمہ کے لیے اس مبارک دن کو سعادت اور شکرگزاری کا موقع قرار دیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فخرِ موجودات حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی مبارک ساعتیں میسر آنا ہر مسلمان کے لیے عظیم سعادت ہے، انہوں نے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپؐ فخرِ موجودات، آپؐ رہبرِ کائنات، آپؐ پر درود و سلام۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک ساعتیں ہر مسلمان کے لیے سعادت ہیں، آپ ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے کائنات کا ذرہ ذرہ مہک اٹھا اور عالمِ انسانیت کو اللہ کریم کی جانب سے سب سے بڑا انعام عطا ہوا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ یتیموں کا سہارا اور دونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے، آپ ﷺ نے معاشرے کے کمزور طبقات کو عزت اور وقار عطا کیا جبکہ مظلوموں، غلاموں اور بیٹیوں کو جینے کا حوصلہ اور باعزت مقام عطا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت نے معاشرے میں پھیلی خرافات کے بتوں کو گرا دیا اور دلوں میں توحید کی شمع روشن کی، آپ ﷺ کی تعلیمات نے انسانیت کو عدل، رحم، مساوات اور احترامِ انسانیت کا راستہ دکھایا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کی اتباع دنیا و آخرت میں کامیابی کی نوید ہے، نبی کریم ﷺ سے محبت کا حقیقی تقاضا یہی ہے کہ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اس عزم کی ضرورت پر زور دیا کہ مسلمان نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر بھرپور عمل کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت، رواداری، عدل اور انسانیت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔



