کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت کو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم قوم کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قومی عزم غیرمتزلزل ہے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے اہلکار پوری قوم کے احترام کے مستحق ہیں۔



