فیصل کریم کنڈی

مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں حصہ نہیں ملا اس لئے ناراض ہیں، فیصل کریم کنڈی

پشاور( نمائندہ خصوصی)گورنر خیبر پختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو حکومت میں حصہ نہیں ملا اسی لیے وہ ناراض ہیں، ان کے بغیر حکومت قائم بھی ہوئی ہے اور اپنا کام جاری رکھے گی،صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں جن کے نتیجے میں دہشتگردی کے واقعات میں کمی آنے کی توقع ہے،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

پشاور کے مقامی ہوٹل میں ڈاکٹروں کی کانفرنس کی افتتاحی نشست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 برس کے دوران صوبے میں جو کچھ ہوا، موجودہ حکومت اس کی اصلاح کے لیے اقدامات کررہی ہے،مخالفین چاہے جتنی تنقید کریں، حکومت اپنا کام جاری رکھے گی اور کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔صوبے میں بہتر قانون سازی کی جائے گی اور عوام کی بہتری کے لیے قوانین بنائے جائیں گے۔سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق سوال پر انہوں نے وضاحت کی کہ ہیلی کاپٹر گورنر، وزیراعلی اور وزیراعظم کے سرکاری استعمال کے لیے ہوتے ہیں،وہ سرکاری ذمہ داری کے سلسلے میں ہیلی کاپٹر پر گئے تھے، کسی تفریح یا عیاشی کے لیے استعمال نہیں کیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ماضی میں مبینہ طور پر رقم لے کر تجاوزات کے اجازت نامے جاری کیے جاتے رہے تاہم اب تجاوزات ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اس کارروائی سے متاثر ہونے والے افراد کے مسائل کے حل کے لیے فارم تیار کیا جارہا ہے، جبکہ ریڑھی بانوں کو بھی مناسب جگہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔پولیو ورکرز پر حملوں کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس حوالے سے بھی کام کیا جارہا ہے، کیونکہ پولیو کا مسئلہ پورے صوبے اور عوام کو متاثر کررہا ہے،اس مرض کے پھیلا میں کمی لانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اب مسترد شدہ لوگ یاد آئے، جب ان کی حکومت تھی تو آپ نے کسے گورنر لگایا؟ انہیںحکومت میں حصہ نہیں ملا تو اعتراضات کررہے ہیں۔میں ان سے کہتا ہوں کہ کبھی ثوابی روزے بھی رکھ لیں ،کہتے ہیں کہ میرے بغیر حکومت بنتی نہیں اگر بن بھی جائے تو چلتی نہیں ، اس بار آپ کے بغیر حکومت بن بھی گئی اور یہ چلے گی بھی، حصہ نہیں ملا اس لئے وہ ناراض ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں