ممبئی (نمائندہ خصوصی)بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے گھر سے متعلق حیرت انگیز انکشاف کیا ہے کہ منت گوری کا ہے، مجھے گھر میں کچھ کرنے کی اجازت نہیںبھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں شاہ رخ خان نے دبئی میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں میزبان اور فلم ساز کرن جوہر نے ان سے سوال کیا کہ آپ کو اپنے گھر میں کون سے کام کرنے کی اجازت نہیں ہے؟اس پر اداکار نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ میرے گھر میں مجھے کچھ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ منت ان کی اہلیہ گوری خان کا ہے اور وہ وائی فائی، کھانے پینے، رنگوں، پینٹنگز، سیڑھیوں، لائٹس اور فرنیچر جیسی چیزوں کے بارے میں کوئی بات نہیں کرسکتے، گوری نے بہت اچھا گھر بنایا ہے۔شاہ رخ نے اپنے گھر کی اہمیت کے بارے میں بتایا کہ کم عمری میں ہی ان کے والدین کا انتقال ہوگیا تھا اور گوری خان سے شادی کرنے سے پہلے ان کا اپنا کوئی گھر نہیں تھا، اپنا گھر ہونا ان کے سب سے بڑے خوابوں میں سے ایک خواب تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی فلموں، خاندان اور کام سے محبت کرتے ہیں لیکن ایک ایسی جگہ کا ہونا جسے وہ اپنا کہہ سکیں، ان کے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔



