راحت فتح علی خان

موسیقی میں اے آئی کا استعمال جرم، پاک بھارت فنکاروں کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا جائے،راحت فتح علی خان

ٹیکساس (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے معروف گلوکار اور پاکستان حکومت کی جانب سے نامزد امن کے سفیر راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ موسیقی ایک یونیورسل سچائی ہے، جیسے ہوا اور موسم ہیں، ویسے ہی موسیقی ہے اور اس کی کوئی سرحد نہیں جس طرح بادِ صبا اپنے وقت پر پوری دنیا میں چلتی ہے، اسی طرح موسیقی کی بھی کوئی بانڈری نہیں،موسیقی میں اے آئی کا استعمال جرم، پاک بھارت فنکاروں کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا جائے ۔

ایک انٹرویومیں فنکاروں کو ملکوں کا سفیر قرار دیے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کی آوازیں دنیا بھر میں جاتی ہیں، اسی طرح بھارت کی آوازیں پاکستان آتی ہیں اور یہاں پسند کی جاتی ہیں اور پاکستانی آوازیں وہاں بھی پسند کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے امن کا سفیر نامزد ہوں اور دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ امیج کی نمائندگی کرتا ہوں، میری ذمے داری ہے کہ پاکستان کا یہ نرم چہرہ اپنی موسیقی کے ذریعے دنیا کو دکھاوں اور اس پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں۔پاکستانی فنکاروں کے بھارت نہ جانے سے متعلق اور بھارت میں وہ کن گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر یہ پابندی ختم ہو تو مجھے اے آر رحمن کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگے گا، کیونکہ میں نے اب تک ان کے ساتھ کام نہیں کیا۔انہوں نے سونو نگم اور ارجیت سنگھ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ میں سونو بھائی کو بہت یاد کرتا ہوں، جبکہ ارجیت سنگھ کے ساتھ اب تک کوئی مشترکہ کام نہیں ہوا۔

انہوںنے کہاکہ اگر دونوں ممالک کی حکومتیں مل بیٹھ کر سرحدوں کے معاملات پر بات کریں اور مسائل کے حل کی طرف بڑھیں تو یہ پاکستان، بھارت اور پورے خطے کے لیے خوش آئند ہو گا۔ استاد راحت فتح علی خان نے کہا کہ میں بھارتی فنکاروں اور گلوکاروں کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہوں، میری تجویز ہے کہ بھارتی فنکاروں، گلوکاروں کو پاکستان آنا چاہیے اور جب بھی وہ پاکستان آئیں پاکستان انہیں ریاستی مہمان کا درجہ دے کر مکمل پروٹوکول دے اور اسی طرح بھارت بھی پاکستانی فنکاروں کو ریاستی مہمان کا درجہ دے کر بلائے، اس سے دونوں ممالک کے درمیان کدورتیں اور موجودہ گرما گرمی بہت حد تک کم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے بھی فاصلے کم ہو سکتے ہیں، اس لیے کرکٹ اور خاص طور پر کبڈی کے میچ بھی ہونے چاہئیں، موسیقی، اداکاری، آرٹ اور ثقافت سے وابستہ لوگوں کا آنا جانا ہونا چاہیے، دونوں ممالک اپنی سرحدیں مضبوط رکھیں، مگر یہ رابطے ضرور برقرار رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں