سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ،کال سینٹر چھاپہ کیس، ملزم کی ضمانت پر سماعت 19 نومبر تک ملتوی

کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ ہائیکورٹ میں کال سینٹر پر چھاپے کے مقدمے میں ملزم عبید اشرف کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کے دوران وکلا آپس میں الجھ پڑے۔ وکیلِ صفائی سعید عباسی ایڈووکیٹ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل آر ڈی کلہوڑو پر عدالت میں غلط بیانی کرنے کا الزام عائد کیا، جس پر دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔سماعت کے دوران سعید عباسی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی ریکارڈ کے مطابق متعلقہ کاپی وصول کی جا چکی ہے، تاہم اسسٹنٹ اٹارنی جنرل یہاں اس سے انکار کر رہے ہیں۔

اس پر آر ڈی کلہوڑو نے کہا کہ ان پر الزام عائد کیا جا رہا ہے، جبکہ وہ 15 سال تک نیب میں پراسیکیوٹر رہ چکے ہیں۔وکیلِ صفائی نے جواب دیا کہ آپ نیب میں بھی ایسا ہی کرتے رہے ہیں اور عادت سے مجبور ہیں۔ دونوں وکلا کے درمیان تلخ کلامی پر جسٹس خالد شاہانی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں نہ الجھیں، سماعت دو دن کے لیے ملتوی کر رہا ہوں۔جسٹس خالد شاہانی نے ریمارکس دیے کہ آپ کو کاپی دوبارہ فراہم کر دی گئی ہے، تاہم اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ انہیں کاپی کی ضرورت نہیں ہے۔

عدالت نے ملزم عبید اشرف کی درخواستِ ضمانت پر مزید سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ ملزم عبید اشرف کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شاہراہِ فیصل سے گرفتار کیا تھا، جبکہ اس مقدمے میں ملزم کے آٹھ ساتھیوں کی پہلے ہی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں