کراچی(نمائندہ خصوصی)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گورو نانک کی تعلیمات امن، محبت، مساوات اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتی ہیں۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا مرکز ہے اور سکھ برادری کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
ننکانہ صاحب اور کرتارپور دنیا بھر کی سکھ برادری کے اہم ترین مذہبی مقامات میں شامل ہیں، جہاں عقیدت مند مذہبی وابستگی اور عقیدت کے ساتھ حاضری دیتے ہیں۔سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ کرتارپور راہداری مذہبی آزادی، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کی عملی علامت ہے۔ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کا کردار قابلِ قدر ہے۔ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، ان کے مذہبی جذبات کا احترام اور تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔



