حافظ نعیم الرحمن

غزہ سے کراچی تک عوامی مسائل پر آواز اٹھائیں گے، 20 دسمبر کو شہر میں بڑا جلسہ کریں گے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کو انتظامی اور مالی اختیارات دے دیے جائیں تو الگ صوبے کا مطالبہ خود بخود ختم ہوسکتا ہے، کراچی کے عوام کو آئینی حقوق اور وسائل سے محروم رکھا جارہا ہے، جبکہ سندھ حکومت گزشتہ 18 سال کے دوران ملنے والے وسائل کا حساب دے، غزہ میں شدید بارشوں اور سردی نے مظلوم فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، دو سے تین سال سے خیموں میں مقیم فلسطینیوں کی عارضی پناہ گاہیں بھی بوسیدہ ہوچکی ہیں، جبکہ 23 لاکھ آبادی کے لیے بنیادی انسانی ضروریات اور محفوظ رہائش کی سہولتیں تاحال دستیاب نہیں۔

ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ میں تقریباً تمام عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اور ہزاروں لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ ان کے بقول غزہ کا انسانی المیہ عالمی طاقتوں اور اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور امریکا اسے مسلسل اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے معاملے پر عالمی برادری کا دوہرا معیار سامنے آچکا ہے۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ کے بیشتر ممالک اسرائیل کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں، تاہم امریکا مؤثر قراردادوں کو ویٹو کردیتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، ملائیشیا اور قطر پر زور دیا کہ وہ فلسطین کے معاملے پر مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے مسلم ممالک سے فلسطینیوں کے تحفظ اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے مشترکہ دفاعی حکمت عملی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور ذمہ دار ریاست ہے، اسے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کشمیر کے مسئلے کو خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سرفہرست رکھنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ مسئلے کے حل کے لیے عملی اور مؤثر سفارت کاری کی جائے۔ آزاد کشمیر کے معاملات پر ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے بجائے مذاکرات اور باہمی مشاورت سے مسائل حل کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے آزاد کشمیر میں احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی ہلاکتوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار بھی پاکستانی ہیں اور احتجاج کرنے والے شہری بھی، ان کا خون اتنا سستا کیوں ہوگیا ہے؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حالیہ سروے عوام کی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشانی ظاہر کررہے ہیں۔

پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عام شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، جبکہ ان کے بقول عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں مہنگائی میں کمی نہیں آئی۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن اور بدانتظامی کا بوجھ عوام کے ٹیکسوں پر ڈالا جارہا ہے۔ حکومت اپنے اخراجات کم کرے، کرپشن کا خاتمہ کرے اور پیٹرول کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دے۔انہوں نے پنجاب میں گنے کے کاشت کاروں کو مناسب قیمت نہ ملنے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کسان گنے کی فی من قیمت 700 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ان کے مطابق شوگر ملز مافیا کسانوں کا استحصال کررہا ہے اور چینی کی درآمد و برآمد کے فیصلوں میں مخصوص مفادات کو تحفظ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے شریف، ترین اور زرداری خاندانوں کی شوگر ملوں کے مفادات سے متعلق بھی سوالات اٹھائے۔حافظ نعیم الرحمن نے خیبر پختونخوا میں آٹے کی عدم دستیابی کو سنگین بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ زرعی ملک میں آٹے کا بحران حکومتی پالیسیوں پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کے مطابق کراچی میں گندم کی قیمت تقریباً چھ ہزار روپے فی من تک پہنچ چکی ہے، جبکہ پنجاب میں بھی قیمتوں میں اضافے سے عوام اور کسان پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے اور چینی کے بحران نے حکومتی کارکردگی پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت کو این ایف سی، وفاقی گرانٹس اور رائلٹی کی مد میں تقریباً 40 ہزار ارب روپے ملے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ اتنے بڑے وسائل کہاں خرچ کیے گئے؟ ان کے مطابق اسکولوں، اسپتالوں، سڑکوں اور شہری سہولتوں کی صورتحال حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھاتی ہے۔ انہوں نے سندھ میں 40 ہزار 900 اسکولوں کے اندراج کا حوالہ دیتے ہوئے تعلیم کی حقیقی صورتحال پر بھی سوالات کیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی کم شمار کیے جانے سے شہر کو قومی و صوبائی اسمبلیوں میں مناسب نمائندگی اور وسائل سے محروم کیا گیا۔ ان کے بقول اگر شہر کی اصل آبادی تسلیم کی جاتی تو اس کی نشستیں اور وسائل بھی اسی تناسب سے مختص ہوتے۔

انہوں نے گزشتہ 18 سال کے دوران کراچی کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کا حساب دینے کا مطالبہ کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے گرین لائن، ریڈ لائن، اورنگی لائن اور یلو لائن منصوبوں کو شہر کی بدانتظامی کی مثالیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریڈ لائن منصوبہ شہریوں کے لیے مسلسل مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے، جبکہ کراچی سرکلر ریلوے اور کے فور جیسے اہم منصوبے بھی برسوں سے تاخیر کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو تعلیم، صحت، روزگار اور ٹرانسپورٹ کی بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جارہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی آئینی دائرے میں رہتے ہوئے ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتی ہے اور یہ عمل آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے انتظامی حقوق کی بات کرنا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کی ندیاں بہانے کی دھمکیوں کے بجائے دلیل اور آئین کی زبان استعمال کی جائے۔ جماعت اسلامی سندھی مہاجر تصادم نہیں چاہتی اور شہر کو تقسیم کرنے کی سیاست بند ہونی چاہیے۔حافظ نعیم الرحمن نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں عوام کو پیٹرول کی قیمتوں میں ریلیف ملا ہے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی اور آئل ریفائنریز کے منافع کے معاملات پر عوام میں شعور بیدار کیا اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ایک ہزار سی سی تک گاڑیوں کو ریلیف پیکیج میں شامل کرنے اور ساڑھے بارہ ایکڑ تک زمین رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو ٹریکٹر کے لیے ریلیف دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

ان کے مطابق پیٹرول ریلیف پیکیج کو مزید آگے بڑھانے کے لیے حکومت سے بات چیت جاری ہے اور حکومت کو اس کا اعلان جلد کرنا چاہیے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ رجسٹرڈ شہریوں کو تقریباً 219 روپے فی لیٹر کے حساب سے پیٹرول مل رہا ہے، تاہم قیمتوں میں مزید کمی اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف احتجاج نہیں کرتی بلکہ عوام کو ریلیف دلانے کے لیے مسلسل کوششیں بھی کرتی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کراچی کے انتخابی نتائج پر اعتراضات دہراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شہر میں جماعت اسلامی کو پیپلز پارٹی کے مقابلے میں دوگنا ووٹ ملے تھے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کے جیتے ہوئے حلقوں میں اوسطاً 45 ہزار ووٹ تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کے حلقے 15 ہزار ووٹوں کی بنیاد پر بنائے گئے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ری کاؤنٹنگ اور دیگر اقدامات کے ذریعے جماعت اسلامی کی نشستیں چھینی گئیں اور کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر جماعت اسلامی کی قانونی جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی روکنے اور انتخابی نتائج کے تحفظ کے لیے ابھی سے تیاری کریں۔ ان کے مطابق عوامی مینڈیٹ کا تحفظ صرف الیکشن کمیشن نہیں بلکہ عوامی نگرانی سے بھی ممکن ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 12 دسمبر کو پشاور میں بڑا جلسہ عام کرے گی، جبکہ 20 دسمبر کو کراچی میں بڑا پاور شو ہوگا۔ ان کے بقول کراچی کا جلسہ حق دو کراچی تحریک کو نئی قوت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی سے بلوچستان اور پنجاب سے خیبر پختونخوا تک عوامی مسائل اور حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں