مریم نواز

اراکین اسمبلی کو باضابطہ کوئی ہدایت نہیں دی ، استعفوں کے انبار لگ گئے ، مریم نواز

لاہور( گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صد رمریم نواز نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کو ابھی باضابطہ استعفے جمع کرانے کیلئے نہیں کہا لیکن میرے پاس استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں، ڈھائی سال تک این آر او نہ دینے کی باتیں کرنے والے عمران خان خود ہاتھ جوڑ کر پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں، اللہ یہ وقت کسی کو نہ دکھائے۔تیرہ دسمبر کے جلسے کے لئے عوامی رابطہ مہم کے لئے روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں خود لاہور کے شہریوں کو دعوت دینے نکلی ہوں کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں، لاہور کے شہریوں سے کہنے جارہی ہوں کہ فیصلے کا وقت آ گیا ہے کہ اس جابر، نااہل اور نالائق حکومت سے جان چھڑوائی جائے۔

انہوں نے ڈی جے بٹ کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ واضح ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ اپنے ہی لوگوں سے دغا کیا ہے، ہمیں علم نہیں تھا کہ آپ کا مقابلہ پی ڈی ایم کی بجائے کرسیاں اور ٹینٹ والوں سے ہے، ہم ڈی جے بٹ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، اس سے ظاہر ہے کہ پی ڈی ایم کامیاب ہو گئی ہے،نوازشریف کا مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ انہیں لانے والوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک ہم نے اپنے اراکین کو باضابطہ طور پر استعفے دینے کا نہیں کہا لیکن میرے پاس استعفوں کے انبار لگے ہوئے ہیں.

مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ اس ملک کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرے گی اور مستقبل انشا اللہ مسلم لیگ (ن)کا ہے۔قبل ازیں رائیونڈ جاتی امراءمیں لاہور ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ۔ اجلاس میں رانا ثنااللہ ، رانا تنویر ، اویس لغاری، مریم اورنگزیب سمیت دیگر بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں تیرہ دسمبر لاہور جلسہ کے حوالے سے مشاورت اور کارکنوں کی جلسہ میں بھر پور شرکت کو یقینی بنانے کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں