اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا شو تھا پاور نہیں تھی ، جنوبی پنجاب کو محروم کس نے رکھا؟ ،پچھلی کئی دہائیوں سے پنجاب میں کس کی حکومت تھی؟ کس کے دور میں غیر منصفانہ طور پر جنوبی پنجاب کے فنڈز کہیں اور خرچ کیے گئے؟ حکومت نے جنوبی پنجاب کےلئے خصوصی فنڈز مختص کئے گئے جو جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہونگے،اپوزیشن کو معلوم ہونا چاہیے بھارت، پاکستان کے اندر دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے،اسٹیبلشمنٹ، ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ریاست کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے.
مسئلہ کشمیر کو ہم ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے اور انشاءاللہ حق خود ارادیت کی تحریک کامیابی سے ضرور ہمکنار ہو گی، اقوام متحدہ کمیشن آف انکوائری کے ذریعے زمینی حقائق کے حوالے سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔ پیر کو اپنے بیان میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم کے احتجاج، ملکی و علاقائی صورتحال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ بہاولپور میں پی ڈی ایم کا شو تھا مگر اس میں پاور نہیں تھی.
وزیر خارجہ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے گذشتہ اڑھائی سال کے مختصر عرصے میں جنوبی پنجاب کے حوالے سے دو بڑے فیصلے کیے،اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے ملتان اور بہاولپور میں دو انتظامی سیکریٹیریٹ قائم کیے گئے،جنوبی پنجاب کے لیے خصوصی فنڈز مختص کئے گئے جو جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہونگے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم شروع سے کہہ رہے ہیں کہ وہ آواز جو بھارت کے بیانیہ سے مطابقت رکھتی ہو گی اس سے کیا قومی خدمت ہو سکتی ہے؟ اس وقت ہندوستان ہماری سرحدوں پر گولہ باری کر رہا ہے آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ،اپوزیشن کو معلوم ہونا چاہیے کہ بھارت، پاکستان کے اندر دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے.