وزیر تعلیم شفقت محمود

18 جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولے جائے گے، وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیر تعلیم شفقت محمود نے 18جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نویں سے 12ویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو 18جنوری سے کھول دیا جائےگا، 18جنوری نویں سے 12ویں کی وہ جماعتیں جن کا امتحان ہونا ہے، وہ شروع ہو جائیں گی اور ان جماعتوں کے طالبعلم اپنے اسکول و کالجز میں جائیں گے اور پڑھائی شروع ہو جائے گی، 25 جنوری سے پرائمری سے 8ویں تک باقی طالبعلم اسکول آنا شروع کردیں گے .

یکم فروری کو یونیورسٹی، کالجز سمیت ہائر ایجوکیشن کے ادارے کھول دئیے جائیں گے۔پیر کو وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور سیکرٹری صحت عامر خواجہ اجلاس میں شریک ہوئے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح پر بریفنگ دی گئی ،چاروں صوبوں کے نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے.

اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق بھی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلا س کے بعد معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر تعلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سخت احتیاطی اقدامات اٹھائے جن کا تعلق ہمارے تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے تھا اور جو دیگر ہم نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جیسے بڑے اجتماعات، شادی ہال اور ریسٹورنٹس بند جگہ پر ڈائننگ پر پابندی عائد کی۔

انہوں نے کہا کہ سب سے واضح اثر تعلیمی بند کرنے سے پڑا، یہ تعلیمی ادارے ہمارے ملک کے مستقبل کےلئے بہت اہم حصہ ہیں اور ہم نے بادل نخواستہ ہی انہیں بند کیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ ڈیٹا سے یہ چیز واضح ہوئی ہے کہ شاید اس وقت ہمیں اس معاملے میں مزید احتیاط اور التوا کرے کی ضرورت پڑے تاکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل ہماری دوسری لہر کی شدت میں کمی آ چکی ہو۔شفقت محمود نے کہا کہ ہماری حکومت کے پیش نظر اولین چیز یہ ہے کہ ہم نے بچوں کی صحت کا خیال رکھنا ہے اور بچوں کی صحت سے کوئی رسک نہیں لینا اور تفصیلی بحث مباحثے کے بعد یہ فیصلے ہوئے ہیں جو میں کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 18جنوری نویں سے 12ویں کی وہ جماعتیں جن کا امتحان ہونا ہے، وہ شروع ہو جائیں گی اور ان جماعتوں کے طالبعلم اپنے اسکول و کالجز میں جائیں گے اور ان کی پڑھائی شروع ہو جائے گی۔انہوںنے کہاکہ 25 جنوری سے پرائمری سے 8ویں تک باقی طالبعلم اسکول آنا شروع کردیں گے جبکہ یکم فروری کو یونیورسٹی، کالجز سمیت ہائر ایجوکیشن کے ادارے کھول دیے جائیں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ بتدریج تین مرحلوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کا عمل مکمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 10تاریخ موسم سرما کی تعطیلات دی تھیں اور اساتذہ اور انتظامی عملے کو 11جنوری سے اسکول، کالجز، یونیورسٹیز آنے کی اجازت ہو گی اور یونیورسٹیز آن لائن کام کر سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں