واشنگٹن (گلف آن لائن) امریکی صدر جو بائیڈن نے 78 سال کی عمر میں امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے منصب سنبھالتے ہی کئی صدارتی حکم ناموں پر دستخط کردیئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وہ پریس کی آزادی کی دل کی گہرائیوں سے قدرکرتی ہیں،امریکیوں کو سچ اور حقائق سے آگاہ رکھنا ہمارا مقصد ہے۔جین ساکی کے مطابق صدر بائیڈن نے پہلا حکم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جاری کیا ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کی متازع پالیسیوں کو ختم کرنے کے لیے متعدد حکم نامے جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر نے سفارتکاری کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام اور دیگر خدشات دور کرنے کا کہا ہے، کیونکہ ہم چاہتے ہیں ایران دوبارہ جوہری معاہدے میں شامل ہو۔امریکی میڈیا کاکہنا ہے کہ امریکی صدر بائیڈن نے پہلے روز 17 ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، زیادہ تر حکم نامے ٹرمپ کی متنازع پالیسیوں کوختم کرنے کے لیے ہیں۔نئے امریکی صدر بائیڈن نے تمام وفاقی املاک پر ماسک لازمی قرار دینے کے بل پر دستخط کیے، انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے کی بحالی پر بھی دستخط کردیئے۔
بائیڈن نے ٹرمپ انتظامیہ سے پہلی کی امریکی پالیساں بحال کرنے پر دستخط کیے، ٹرمپ انتظامیہ کے متنازع اقدامات واپس لینے کے ایگزیکٹو آرڈرپر بھی دستخط کردیئے۔امریکی صدر نے بعض مسلمان ممالک کے شہریوں پر امریکا میں امیگریشن پر پابندی ختم کرنے کے بل پردستخط کردیئے۔