شہزاد اکبر

مریم نواز اور بلاول بھٹو نومولود سیاست دان ہیں، بیرسٹر شہزاد اکبر

اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقتدار کی نہیں اقدار کی اصولی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیکر ملکی سیاست میں نئی مثال قائم کی ہے، اپوزیشن جماعتیں گزشتہ کئی ماہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لیکر ان کے مشن کا قلع قمع کر دیا ہے، مریم نواز اور بلاول بھٹو نومولود سیاست دان ہیں، ان کی کوئی حیثیت نہیں، پی ڈی ایم لانگ مارچ کا شوق پورا کر لے، اگر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا.

اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف کوئی پولیٹیکل انجنیئرنگ نہیں ہو رہی، اگر پولیٹیکل انجنیئرنگ ہوتی تو ان کی جماعتوں کا شیرازہ بکھر جاتا، نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی وسائل استعمال کر رہے ہیں، عوام نے تحریک انصاف کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے۔ ‌پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی کو مشترکہ امیدوار اتارا تھا جن کے ماضی پر سوالیہ نشان تھے اسلئے ہمیں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے خدشات تھے اور وہ درست ثابت ہوئے.

حکومت نے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے تمام آئینی اقدامات اٹھائے، اسمبلی میں آئینی ترمیم بھی پیش کی گئی لیکن اپوزیشن نے ساتھ نہیں دیا۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ ماضی میں سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلتا رہا ہے اور 2018ءسینیٹ انتخابات کے دوران پیسے لینے کی وڈیو بھی سامنے آ گئی تھی جس پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو شفاف انتخابات کرانے کیلئے احکامات دیئے تھے کہ کرپٹ پریکٹسز کو روکا جائے، حالیہ سینیٹ انتخابات سے ایک روز قبل یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی مبینہ وڈیو بھی سامنے آ گئی جس پر حکومتی وفد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے جدید تکنیکس استعمال کرنے کیلئے معاونت کی پیش کش بھی کی لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

مشیر احتساب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز پارلیمنٹ کا حصہ نہیں، بلاول بھٹو وصیت کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بنے ہوئے ہیں، دونوں نومولود سیاست دان ہیں، ان کی اپنی کوئی سیاسی حیثیت نہیں ہے اور ان کے دلائل میں کوئی وزن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم گزشتہ کئی ماہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،‌وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لیکر اس کا قلع قمع کر دیا ہے، ملک ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے اور معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں