لاہور (گلف آن لائن)کورونا وائرس کی تیسری لہر سے ڈاکٹرز بھی شدید متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں سروسز ہسپتال کے 110 ڈاکٹرز اس وبائی مرض کا شکار بن چکے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں ڈاکٹرز کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اس صورتحال میں مریض بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ تمام کورونا مثبت ڈاکٹرز نے خود کو ہاسٹل اور گھروں میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے 10 ڈاکٹروں کی حالت تشویشناک ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سروسز ہسپتال نے محکمہ صحت کو فوری اقدامات کرنے کیلئے مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتہ میں 100 سے زائد ڈاکٹر متاثر ہونے سے طبی عملے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا سمیت دیگر وارڈز میں کام کرنے والے ڈاکٹرز میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ہسپتال کی او پی ڈی کو فوری طور پر محدود کیا جائے۔