قصور میں تصدیق کے بعد 50فیصد پولیس عملہ منشیات کا عادی نکلا.

لاہور (گلف آن لائن) قصور میں پنجاب پولیس اہلکار قصور وار نکلے،پچاس فیصد اہلکار منشیات کا استعمال کرتے ہیں،ٹیسٹ میں منشیات کے استعمال کی تصدیق ہوگئی،محکمہ پولیس میں اصلاحات لانے کے لئے پنجاب پولیس صوبے بھر میں اپنے تمام عملے کا ڈرگ ٹیسٹ کروا رہی ہے، جس میں پچاس فیصد عملہ منشیات کا عادی نکلا ہے۔ ‌ مہم کے پہلے روز ضلع قصور میں 48 عہدیداروں کے منشیات کے ٹیسٹ کیے گئے،ان میں سے 24 اہلکار منشیات کے استعمال کرتے پائے گئے،پہلے مرحلے میں آئی جی پنجاب انعام غنی کی ہدایت پر اے ایس آئی رینک کے پولیس اہلکاروں کا ٹیسٹ کروایا گیا تھا۔

آئی جی پنجاب نے متعلقہ محکمہ کو سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کانسٹیبل سے لے کر پولیس سروس آف پاکستان افسران تک کے اہلکاروں کے نمونے لئے جائیں گے،ضلعی پولیس نے بتایا کہ اہلکاروں کا انتخاب داخلی انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ‌ قصور پولیس کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اہلکاروں کی اکثریت مفت منشیات ملنے پر نشے کا عادی بن جاتی ہے، اسلئے جرائم پیشہ افراد سے برآمدہ شدہ منشیات کی مانٹیرنگ کیلئے سخت اقدامات ہونے چاہئیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں