لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن خصوصاً مسلم لیگ (ن) کی ہر معاملے میں ”میں نہ مانوں کی رٹ ”انہیں کہیں کا نہیں چھوڑے گی ،اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر صرف وزیر اعظم عمران خان سے بغض کی پٹی باندھ رکھی ہے اس لئے انہیں حکومت کی پہاڑی جیسی کامیابیاں بھی نظر نہیں آتیں، کنٹونمنٹ بورڈ ز کے بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن کی شکست نوشتہ دیوار ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے کنٹونمنٹ بورڈ ز کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں حلقہ این اے 131کے مختلف وارڈز میں امیدواروں کی انتخابی مہم سے خطاب اور حلقے کے اکابرین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سیاسی مخالفین کھلی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ تحریک انصاف کی کارنر میٹنگز نے جلسوں کا روپ دھار لیا ہے اس لئے ان کی بے چینی بلا وجہ نہیں ، انہیں دن کی روشنی میں اپنی واضح شکست نظر آرہی ہے اس لئے پیشگی دھاندلی کا واویلا شروع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) والے ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے ضرور پوچھیں کہ ان کا بیانیہ کس کے خلاف تھا اور یقینا ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوگا ،لیگی امیدوار لندن فرار ہونے والے قیادت کا دفاع نہیں کر سکیں گے۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں آئیں انتخابات کی شفافیت کیلئے بیٹھیں ، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں بارے پیشرفت کی تجویز پیش کی گئی لیکن اپوزیشن خصوصاً مسلم لیگ (ن) ” میں نہ مانوں کی رٹ ” شروع کر دیتی ہے جو انہیں کہیں کا نہیں چھوڑے گی، یہ اصل میں شفافیت کے قائل نہیں اس لئے اس جانب راغب نہیں ہو رہے۔