فہمیدہ مرزا

الیکشن کمیشن کے جلد بازی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے موقف میں کوئی وزن نہیں ،فہمیدہ مرزا

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے جلد بازی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے موقف میں کوئی وزن نہیں ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین ٹیکنالوجی معاملے پر اپوزیشن جماعتیں میں نہ مانوں پالیسی پر عمل پیرا ہیں، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس الیکٹرانک ووٹنگ مشین بل کی منظوری کے حوالے سے باہمی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر اپوزیشن کا رویہ انتہائی غیرسنجیدہ ہے، مشین دیکھے بغیر ہی کہہ دیا کہ وہ اس ٹیکنالوجی کو مسترد کرتے ہیں، اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ مشین دیکھ کر اپنی تسلی کرتی پھر کوئی فیصلہ کرتی، اپوزیشن کی میں نہ مانوں پالیسی شفاف انتخابات کیلئے کوئی حل نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بغیر کسی تحقیق الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراضات اٹھا کر ثابت کر دیا ہے کہ اس میں ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد کرانے کی اہلیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں ہر انتخابات کو متنازع بنا دیا جاتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں ایسے انتخابات ہوں جن پر سب کو اعتماد ہو، اتحادی جماعتیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے حکومت کی بات سنتی ہیں اور ہم اعتراض بھی اٹھاتے ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں بغیر دیکھے مشین پر اعتراض اٹھا رہی ہیں جو کہ غیرمناسب رویہ ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جلد بازی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے موقف میں کوئی وزن نہیں ، الیکشن کمیشن کو چاہیے تھا کہ وہ ضمنی انتخابات میں اسے ٹرائی کرتا اور جو خامیاں آتیں اسے حل کرتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں