سید خورشید شاہ

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم یہاں آکر واپس گئی،پی ٹی آئی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ترین ہے، خورشید شاہ

سکھر (گلف آن لائن ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ یہ خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم یہاں آکر واپس گئی ہے، یہ دیکھنا چاہیے کہ غیر ملکی ٹیمیں یہاں کھیلنے کیوں نہیں آرہی ہیں، تبدیلی تو آئی ہے ڈالر 170 پر پہنچ گیا، مہنگائی بڑھ گئی ، ملک بھر میں لوگوں کو بیروزگار کیا جارہا ہے، یہاں الیکٹرونک ووٹنگ مشنین پر عمل درآمد ممکن نہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے احتساب عدالت سکھر کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ترین ہے، یہ خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم یہاں آکر واپس گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کبھی ایسے فیصلے کرتے ہیں جو نہیں کرنے چاہئیں، یہ دیکھنا چاہیے کہ غیر ملکی ٹیمیں یہاں کھیلنے کیوں نہیں آرہی ہیں۔ خورشید شاہ نے کہاکہ تبدیلی تو آئی ہے ڈالر 170 پر پہنچ گیا، مہنگائی بڑھ گئی ، ملک بھر میں لوگوں کو بیروزگار کیا جارہا ہے یہ بھی تبدیلی ہے، ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے یہ بھی تبدیلی ہے، قرضے اتارنے کی حقیقت سامنے نہیں آرہی یہ تبدیلی ہے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ یہاں الیکٹرونک ووٹنگ مشنین پر عمل درآمد ممکن نہیں، سیدھی بات ہے کہ پرچی بنائیں ووٹر کو دیں وہ ٹھپہ لگا کر بیلٹ باکس میں ڈالے ورنہ ایسا نا ہو کہ ٹھپہ لگے شیر پر اور نکلے تیر پر۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں، عمران خان اگر عقل مند ہوتے تو ملکی مفاد میں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھتے، ہم سب کو ملکی سلامتی سب سے زیادہ عزیز ہے، ہماری تو دعا ہے کہ پاک وطن سلامت رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں