ڈرائیونگ لائسنس

مارکیٹوں میں کیمپوں کے قیام کے زریعے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا خوش آئند ہے، آل کراچی تاجراتحاد

کراچی(گلف آن لائن)آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے مارکیٹوں میں کیمپوں کے قیام کے زریعے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کو منفرد، انوکھا اور بیمثال تجربہ قرار دیتے ہوئے ڈی آئی جی پی ٹریفک، لائسنسنگ اینڈ ٹریننگ سندھ منیر احمد شیخ کے اس مستحسن اور قابل تعریف اقدام کو بیحد سراہا ہے، انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے عوام اور تاجروں کیلئے لرننگ لائسنس کے حصول اور پرانے لائسنس کی تجدید میں بیحد سہولت پیدا ہوگئی ہے، اب تک تقریبا 12 مارکیٹوں میں لگائے گئے کیمپوں میں 10ہزار سے زائد افراد اس سہولت سے استفادہ حاصل کرچکے ہیں، ڈی آئی جی پی ٹریفک نے یقین دلایا ہے کہ اگلے چند روز میں عوام کو یہ سہولتیں آن لائن بھی حاصل ہونگی، عتیق میر نے کہا ہے کہ یہ بات خوش آئیند ہے کہ کیمپوں میں عوام اورتاجروں نے بیحد جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے جس کا اندازہ لائسنس کے حصول کے خواہشمند افراد کا رش اور طویل قطاریں دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے،

انھوں نے کہا کہ روائتی طریقوں سے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول وقت طلب اور دشوار ہونے کے سبب عوام کی دلچسپی کم ہوچکی تھی، عوام اور تاجروں کی اکثریت کیلئے ذاتی مصروفیات کے سبب لائسنس برانچ تک پہنچنے میں بھی مشکلات تھیں یہی وجہ ہے کہ بیشتر افراد لائسنس کے بغیر ہی ڈرائیونگ کرنے پر مجبور تھے، انھوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بعد عوام اور تاجر مطمعین اور مسرور نظر آتے ہیں، بغیر لائسنس ڈرائیونگ ناقابل معافی جرم اور قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، موجودہ سہولت سے بیشتر مقامات پر لائسنس چیکنگ کی دشواریوں اور جرمانوں سے بچا جاسکے گا، انھوں نے ڈی آئی جی ٹریفک منیر احمد شیخ کو پولیس کا قابل فخر افسر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان جیسے ذہین، لائق، ایماندار اور تجربہ کار افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی صلاحیتوں اور تجربے سے مستقبل میں بھی عوام اورمحکمہ پولیس کو استفادہ حاصل ہوگا، انھوں نے مارکیٹوں میں کیمپ لگانے کے سلسلے کو آئیندہ بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے عمل کو روکنے سے حادثات میں کمی اور سیف ڈرائیونگ کا رحجان بڑھے گا .

جبکہ صرف لائسنس یافتہ افراد کو ہی ڈرائیونگ کا قانونی حق حاصل ہونا چاہیئے، انھوں نے کہا کہ ڈرائیونگ کی تربیت کے بعد لائسنس کے حصول کو جس قدر آسان بنایا جائیگا اسکے اتنے ہی مثبت نتائج حاصل ہونگے، انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ عوام اور تاجروں کی سہولت کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے تحت مارکیٹوں میں کیمپوں کے قیام کے اس قابلِ قدر سلسلے کو آئیندہ بھی جاری و ساری رکھا جائیگا جس کیلئے تاجر برادری ہر ممکن تعاون کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں