شہبازشریف

منی لانڈرنگ کیس’ شہباز، حمزہ کی ضمانت میں توسیع، عدالتی دائرہ اختیار چیلنج

لاہور(گلف آن لائن) ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ کے دائر اختیار پر اعتراض کردیا۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی مدت ختم ہونے پر لاہور کی بینکنگ کورٹ کے روبرو پیش ہوئے۔ جج بینکنگ کورٹ نے ایف آئی اے کے وکیل سے کہا کہ کیس کی تفتیش میں پیش رفت سے آگاہ کریں، جس پر وکیل ایف آئی اے نے بتایا کہ شہباز شریف کو سوالنامہ بھجوایا گیا تھا، کل شہباز شریف نے جواب جمع کروایا ہے۔ایف آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے جوابات دیکھ کر تفتیش میں پیش رفت ہو گی، جس پر جج نے کہا کہ بہت وقت ہو گیا ہے، عبوری ضمانت کی درخواستیں زیر التوا ہیں۔ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ کے دائرہ اختیار پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ میں نہیں ہو سکتی۔

وکیل ایف آئی اے کا کہنا تھا اینٹی کرپشن کی دفعات کی وجہ سے کیس بینکنگ کورٹ میں نہیں چلایا جا سکتا جس پر جج بینکنگ کورٹ نے کہا کہ پہلی بار سرکاری وکیل کی طرف سے دائرہ اختیار کا سوال اٹھایا گیا ہے۔شہباز شریف کا عدالت میں کہنا تھا کہ میں بات کرنا چاہتا ہوں، یہ وہی پلندہ ہے جس پر لندن سے فیصلہ آیا ہے، ایف آئی اے کے افسر تمام باتیں میڈیا کو بتا دیتے ہیں۔جج بینکنگ کورٹ کا کہنا تھا کہ 30 اکتوبر کو عدالت کے دائرہ اختیار کے اعتراض پر سماعت ہو گی، عدالت نے لیگی رہنماں کی ضمانتوں میں بھی 30 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں