فواد چوہدری

پی ٹی وی ملک کی نظریاتی سرحدوں کا محافظ اہم نشریاتی ادارہ ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی وی ملک کی نظریاتی سرحدوں کا محافظ اہم نشریاتی ادارہ ہے، پی ٹی وی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین مشعل کے نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

یونین عہدیداروں نے پی ٹی وی ملازمین کے ہائوس ریکوزیشن الائونس میں 50 فیصد اور بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافے پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ادارے کی بہتری کا دارومدار ملازمین کی بہتر کارکردگی پر منحصر ہے، ادارہ خوشحال ہوگا تو ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھائے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کی تربیت کے لئے ایچ آر کو بہتر کیا جا رہا ہے، پی ٹی وی کی ترقی اور بہتری کے لئے پیشہ ورانہ بنیادوں پر ری سٹرکچرنگ کی جا رہی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مقابلے و مسابقت کے دور میں پی ٹی وی میں آگے بڑھنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو کے ملازمین کیلئے ہائوسنگ سکیم لائی جا رہی ہے جبکہ تمام ملازمین کو ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مرحلہ وار حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے، پی ٹی وی نیوز کو ایچ ڈی کر دیا گیا ہے، پی ٹی وی سپورٹس اور پی ٹی وی ہوم کو ایچ ڈی کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں جبکہ پی ٹی وی لاہور، کراچی اور پشاور مراکز کی اپ گریڈیشن کے لئے جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم پی ٹی وی کو بی بی سی کی طرز پر بنانا چاہتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وہ پی ٹی وی کے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں، ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی قومی اثاثہ ہے، وقت کے ساتھ ساتھ پی ٹی وی کو مزید بہتری کی جانب گامزن کریں گے۔

ملاقات کرنے والے پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین (مشعل) سی بی اے کے عہدیداران میں چیئرمین ابراہیم کمال، صدر جہانگیر خان، جنرل سیکریٹری چوہدری فاروق احمد، چیف آرگنائزر جمیل قادری، ڈپٹی چیئرمین عمران خان، ڈپٹی پریذیڈنٹ حاجی اورنگزیب، سینئر وائس چیئرمین ملک لطیف، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری سلیم شاہ، ایسوسی ایٹ جنرل سیکریٹری راجہ سجاد، ہیڈ آف پی ٹی وی نیوز وقاص ضیائ بٹ، مرکزی رہنما ملک افضال احمد اور چیئرمین ہیڈ آفس اویس گوندل شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں