وزیراعلیٰ بلوچستان

جام کمال کااستعفیٰ ، پی ڈی ایم نئے وزیر اعلیٰ کو ووٹ دے گی یانہیں ، جے یو آئی ،بی این پی اور پختون خوا میپ کا مشاورت کا فیصلہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)جام کمال کے استعفے کے بعد بلوچستان میں نئی حکومت کے قیام کے معاملے پر نئے وزیراعلیٰ کو ووٹ دینے یا نہ دینے کیلئے جے یو آئی ف ، بی این پی مینگل اور پختونخواہ میپ نے مشاورت کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سے مشاورت کے بعد نئے وزیراعلیٰ کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے۔۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے بی اے پی سے چھپ کر ووٹ لیا تھا ، ہم چھپ کر ووٹ دینے والے نہیں ، جو بھی فیصلہ ہوگا مشاور ت سے اور اعلانیہ ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے بلوچستان کی نئی حکومت میں شامل ہونے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا،جام کمال کے اپنے ساتھی ان کے خلاف ہوگئے تھے۔انہوںنے کہاکہ جب بی اے پی کے اپنے ارکان جام کمال کو چھوڑ چکے تھے تو ہم تو تھے ہی اپوزیشن میں۔

انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں ہم نے حکومتی اتحاد میں اختلافات کا فائدہ اٹھایا۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں ہمارے ساتھ اپوزیشن میں پی ڈی ایم کی دو جماعتیں بی این پی مینگل اور پختونخواہ میپ بھی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم پی ڈی ایم کی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی کوئی بھی فیصلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں