ٹی20 ورلڈ کپ

ٹی20 ورلڈ کپ،ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو تین رنز شکست دیدی

شارجہ (گلف آن لائن)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 3 رنز سے شکست دے دی،ویسٹ انڈیز کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے ،دونوں بلے باز کرس گیل اور ایون لوئس بالترتیب 12 اور 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے،ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنانے میں کامیاب رہی،بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا سکی ،22 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلنے والے نکلوس پوران کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعہ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

ویسٹ انڈیز کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور دونوں بلے باز کرس گیل اور ایون لوئس بالترتیب 12 اور 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔کرس گیل کو 4 کے انفرادی اسکور پر مہدی حسن نے بولڈ کیا جبکہ ایون لوئس مستفیض الرحمن کا شکار بنے۔اس موقع پر شیمرون ہٹمائر اور روسٹن چیز نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم 32 کے مجموعی اسکور پر ہٹمائر کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 9 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔32 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد روسٹن چیز کا ساتھ دینے کپتان کیرن پولارڈ آئے اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 30 رنز جوڑے لیکن اس مرحلے پر انجری کے باعث پولارڈ ریٹائر ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

نئے بلے باز آندرے رسل کوئی گیند کھیلے بغیر ہی بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نکولس پوران کی وکٹ پر آمد ہوئی۔پوران اور روسٹن چیز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی، پوران نے جارحانہ انداز اپنایا اور 22 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔اگلی ہی گیند پر شریف الاسلام نے روسٹن چیز کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جنہوں نے 39 رنز بنانے کے لیے 46 گیندوں کا سہارا لیا۔آخری اوور میں بنے 19 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن، مستفیض الرحمن اور شریف الاسلام نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 20 کے مجموعی اسکور پر مڈوکٹ پر کھڑے ہیڈن واش بنگلہ دیشی بلے باز محمد نعیم کا آسان کیچ نہ لے سکے لیکن اگلی ہی گیند پر آندرے رسل نے تجربہ کار شکیب الحسن کو چلتا کردیا۔ابھی بنگلہ دیشی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں جیسن ہولڈر نے محمد نعیم کی وکٹیں بکھیر دیں جو 17 رنز بنا سکے۔اس کے بعد لٹن داس کا ساتھ دینے سومیا سرکار ا?ئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 55 تک پہنچا دیا، ویسٹ انڈیز کو لٹن داس کو رن آؤٹ کرنے کا موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔اسکور 60 تک پہنچا تو سومیا سرکار صرف 17 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کی وکٹ بن گئے۔مشفیق الرحیم نے لٹن داس کے ساتھ مل کر اسکور 90 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر تجربہ کار روی رامپال نے وکٹ کیپر بلے باز کی وکٹیں بکھیر دیں۔

دوسرے اینڈ سے لٹن داس نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 44 رنز کی اننگز کھیلی لیکن جیسن ہولڈر نے باؤنڈری پر شاندار کیچ لے کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔آخری اوور میں بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 13 رنز درکار تھے لیکن آندرے رسل نے اپنے اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو صرف 9 رنز بنانے دئیے اور اس طرح دفاعی چمپئن ویسٹ انڈیز نے میچ میں 3 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے، کپتان محمود اللہ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی یہ کاوش بھی بنگلہ دیش کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔22 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلنے والے نکلوس پوران کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں